تحریر: ایان خان
بچپن میں ہم اپنے والد سے اُس وقت تک کھلونا مانگتے رہتے تھے، جب تک وہ لا کر ہمیں دے نہیں دیتے تھے۔ اُس وقت ہماری خوشی کا مرکز وہ کھلونا ہوتا تھا، مگر آج احساس ہوتا ہے کہ اصل خوشی تو اُس کھلونے میں نہیں، بلکہ اُن ہاتھوں میں تھی جو ہماری ضد پوری کرنے کے لیے اُسے لے کر آتے تھے۔
آج دل چاہتا ہے کہ کوئی ایسی خوشی مانگ لوں، کوئی ایسا لمحہ واپس لے آؤں، جس میں میرے والد کے ہاتھوں کی محبت شامل ہو، مگر اب کس سے مانگوں؟ نہ وہ ہاتھ رہے جو ہماری خواہشوں کو حقیقت بنایا کرتے تھے، نہ وہ ہستی رہی جس کے سائے میں ایک بیٹا سر اُٹھا کر دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھا کرتا تھا۔
فرق صرف اتنا سا ہے کہ والد کے ہوتے ہوئے نگاہیں ہمیشہ اُٹھی رہتی تھیں، اور آج والد بن جانے کے بعد اکثر نگاہیں جھک جاتی ہیں۔
شاید زندگی کا سب سے بڑا امتحان یہی ہے کہ جن ہاتھوں کو تھام کر ہم نے چلنا سیکھا، ایک دن اُن کے بغیر زندگی کے راستوں پر چلنا پڑتا ہے۔ جن کے ہوتے ہوئے ہر مشکل آسان محسوس ہوتی تھی، اُن کے جانے کے بعد معمولی سی پریشانی بھی انسان کو اُن کی یاد دلا دیتی ہے۔
آج میری اپنی اولاد مجھے اُسی محبت، اُسی بھروسے اور اُسی یقین کی نگاہ سے دیکھتی ہے، جس نگاہ سے میں اپنے والد کو دیکھا کرتا تھا۔ جب میری اولاد مجھ سے کوئی خواہش کرتی ہے تو مجھے اپنا بچپن یاد آ جاتا ہے، اور دل خاموشی سے اپنے والد کو پکار اُٹھتا ہے۔ شاید میری اولاد بھی میرے ہوتے ہوئے یہ نہیں جانتی کہ باپ کا سایہ زندگی کی کتنی بڑی نعمت ہوتا ہے، جیسے میں بھی اپنے والد کے ہوتے ہوئے اس نعمت کی گہرائی کو پوری طرح نہ سمجھ سکا۔
آج بھی میری ہر دعا میں میرے والد شامل ہوتے ہیں۔ میری ہر خوشی میں اُن کی کمی محسوس ہوتی ہے اور ہر کامیابی پر دل چاہتا ہے کہ کاش! وہ آج میرے ساتھ ہوتے، مجھے دیکھتے، میرے سر پر ہاتھ رکھتے اور اپنی محبت بھری نگاہوں سے مجھے دعائیں دیتے۔
اب میرے پاس اُن کی یادیں ہیں، اُن کی باتیں ہیں، اُن کی تربیت ہے اور اُن کی محبت کی وہ میراث ہے جو وقت کے ساتھ کبھی ختم نہیں ہو سکتی۔
اللہ پاک میرے والدِ محترم، مرحوم ریحان میہمود خان، کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ اُن کی قبر کو نور سے بھر دے اور جنت کے ہر اُس خوبصورت مقام کی سیر نصیب فرمائے جس کی آرزو اُن کے دل میں تھی۔ اللہ تعالیٰ اُن کی تمام نیک خواہشات کو اپنی رحمت سے پورا فرمائے اور ہمیں اُن کے لیے صدقۂ جاریہ بننے کی توفیق عطا کرے۔ آمین یا رب العالمین۔
Discover more from Dil Ki Awaz Suno
Subscribe to get the latest posts sent to your email.
